حکمران پیپلز پارٹی سے خوفزدہ ہیں: قمر زمان کائرہ

حکمران پیپلز پارٹی سے خوفزدہ ہیں: قمر زمان کائرہ

لاہور: پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکمران پیپلز پارٹی سے خوفزدہ ہو کر مینار پاکستان پر کیمپ لگانے کی اجازت دینے سے بھاگ گئے۔ 'شو باز' تو کہتا تھا کہ پیپلز پارٹی ختم ہو گئی تو پھر مینار پاکستان پر کیمپ کی اجازت کیوں نہیں دی.

لاہور کے علاقے پیکو روڑ پر پارٹی اجتماع سے خطاب میں پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ حکمران پیپلز پارٹی سے خوفزدہ ہیں۔ شریفوں کو پتہ ہے کہ انہیں جیالے ہی پنجاب سے نکالیں گے۔ حکمران اگر ہمارے احتجاجی کیمپ سے خوفزدہ ہو گئے ہیں تو پھر بلاول بھٹو کے جلسوں پر ان کا کیا حال ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 4 مئی کو ناصر باغ میں احتجاجی کیمپ لگائے گی۔ ہم ڈبہ رکھیں گے اور شو باز کا نام بدلنے کیلئے عوام سے تجاویز لیں گے۔ یہ شو باز کی خواہش تھے جسے جیالے پورا کریں گے۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ اب تو عدالت نے کہہ دیا ہے کہ شریف کرپشن میں پکڑے گئے ہیں۔ کائرہ نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے میٹرو کے ریکارڈ کو آگ لگائی، اورنج ٹرین کا ریکارڈ جلایا اور موٹر وے کا ریکارڈ بھی جلا دیا، اب کہیں سپریم کورٹ کا ریکارڈ نہ جلا دیں.