نقیب اللہ قتل کیس , ضمنی چالان کے مطابق بادی النظر میں پولیس مقابلہ منصوبے کے تحت کیا گیا

 نقیب اللہ قتل کیس , ضمنی چالان کے مطابق بادی النظر میں پولیس مقابلہ منصوبے کے تحت کیا گیا
کیپشن: image by screen short

کراچی: جیل حکام نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کو بتایا ہے کہ نقیب اللہ قتل کیس کے مرکزی ملزم سابق ایس ایس راؤ انوار جیل میں بیمار پڑ گئے ہیں جبکہ عدالت میں پیش کیے گئے ضمنی چالان کے مطابق بادی النظر میں پولیس مقابلہ منصوبے کے تحت کیا گیا۔

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں جعلی پولیس مقابلے میں دیگر 3 شہریوں کے ساتھ قتل کیے جانے والے نقیب اللہ محسود کے کیس کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی۔

جہاں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کو بتایا گیا کہ نقیب اللہ قتل کیس کے مرکزی ملزم سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار جیل جانے کے بعد بیمار پڑ گئے۔

جیل حکام نے راؤ انوار کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیااور موقف اختیار کیا کہ گزشتہ روز ڈاکٹروں نے چیک اپ کیا تھا، جس کے مطابق راؤ انوار علیل ہیں اور وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔

راؤ انوار کی بیماری سے متعلق عدالت میں پیش کیے گئے میڈیکل سرٹیفکیٹ کے مطابق ملزم کو متعدد امراض لاحق ہیںجس پر جج نے جیل حکام کو ہدایات جاری کیں کہ کیس کی آئندہ سماعت پر ملزم راؤ انوار کی حاضری یقینی بنائی جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر ملزم کو پیش نہ کیا گیا تو میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے ڈاکٹر کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے, دوسری جانب جیل حکام نے راؤ انوار کے شریک ملزم ڈی ایس پی قمر اور دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔

ادھر نقیب اللہ قتل کیس کے تفتیشی افسر ایس ایس پی رضوان کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور انہیں فوری طور پر طلب کرلیا۔