پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی

 پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی
کیپشن: Image Source: File Photo

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھنے لگی، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 24 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں ، ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 18770 تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 432 افراد چل بسے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق,  پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، گزشتہ دو ہفتے کے دوران ہلاکتوں اور متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران 656 مریض سامنے آئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق چوبیس گھنٹوں کی بات کی جائے تو 24 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 9164 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، اب تک ملک بھر میں ایک لاکھ 93 ہزار 859 مریضوں کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں مریضوں کی بات کی جائے تو اس وقت متاثرہ افراد کی تعداد 18770 تک پہنچ چکی ہے، اس دوران 4753 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں، جبکہ 14017 مریض تاحال زیر علاج ہیں۔

چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مریضوں کی بات جائے تو اس وقت سندھ میں مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں پر 7102 مریض ہیں۔

دوسرے نمبر پر پنجاب ہے جہاں پر مریضوں کی تعداد 6854 ہے، بلوچستان میں 1136، خیبر پختونخوا میں 2907 ، اسلام آباد میں 365 ، آزاد کشمیر میں 66اور گلگت بلتستان میں 340مریض ہیں۔

ملک بھر میں جاں بحق افراد کی بات کی جائے تو خیبرپختونخوا میں ہلاکتیں سب سے زیادہ ہیں، جہاں پر 172 فراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، سندھ میں 122 افراد خالق حقیقی سے جا ملے، پنجاب میں 115 افراد کورونا وائرس سے لڑتے لڑتے جانبرنہ ہو سکے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 4 ، بلوچستان میں 16، گلگت بلتستان میں 3 افراد دار فانی سے کوچ کر گئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں تاحال کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔