ہرارے ٹیسٹ میں ٹیم کو فتح دلانے پر حسن علی خوش

ہرارے ٹیسٹ میں ٹیم کو فتح دلانے پر حسن علی خوش
سورس: file

ہرارے : زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے مرد میدان حسن علی نے ٹیم میں واپسی کے سفر کو بہت ہی مشکل قرار دے دیا۔

نیو نیوز کے مطابق زمبابوے کے خلاف ہرارے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 89 رنز کے عوض 9 وکٹیں اپنے نام کرنے والے حسن علی نے ٹیم کی جیت پر بہت خوش ہیں۔

حسن علی جو مین آف دی میچ قرار پائے ہیں نے کہا کہ میری واپسی کا سفر بہت مشکل تھا، 2 سال کرکٹ سے باہر رہا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی فٹنس پر بہت کام کیا تھا، فرسٹ کلاس کرکٹ میں لمبی کرکٹ کھیلنے کا کافی تجربہ ہوا ہے، پہلی بار بیک ٹو بیک اتنے فرسٹ کلاس میچز کھیلا تھا۔

حسن علی نے مزید کہا کہ جب باہر تھا تو ایک وقت تھا جب میں کافی پریشان تھا، رویا بھی تھا لیکن اپنی محنت کے سلسلے کو کبھی نہیں چھوڑا تھا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سوچا تھا کہ کم بیک کروں اور ایسا کروں کہ دنیا دیکھے، میری سیلبریشن کا میری انجری سے کوئی تعلق نہیں۔

ٹیسٹ میچ کے مرد میدان کا کہنا تھا کہ لمبی کرکٹ کھیلنی ہے تو فرسٹ کلاس کرکٹ ضرور کھیلیں، فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر بہت مدد ملتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں تو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنا ہی کھیلنا ہے، میں ہمیشہ سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتا تھا۔

واضح رہے کہ فاسٹ بولر حسن علی کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو ہرارے ٹیسٹ میں اننگز اور 116 رنز سے باآسانی شکست دے دی۔ 

پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری کو پورا کرنے میں بھی ہوم ٹیم ناکام رہی اور اپنی دوسری اننگز میں صرف 134 رنز بناسکی۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں حسن علی نے زمبابوے کے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ انھوں نے میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں لیں۔

اسپنر نعمان علی دو اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

زمباوبے کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 176 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، جبکہ پاکستان نے پہلی اننگز میں فواد عالم کے شاندار 140 اور عمران بٹ کے 91 رنز کی بدولت 426 رنز اسکور کیے تھے۔ 

پہلی اننگز میں ہی قومی ٹیم نے 250 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی جسے ہوم ٹیم ختم نہیں کرپائی اور 134 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ زمبابوے کی جانب سے تریسائی مساکانڈا 43، کپتان برینڈن ٹیلر 29 اور کیون کاسوزا 28 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔