ڈسکہ اور کراچی میں الزامات کے بعد الیکشن کمیشن کا خوشاب میں دھاندلی روکنے کا منصوبہ

ڈسکہ اور کراچی میں الزامات کے بعد الیکشن کمیشن کا خوشاب میں دھاندلی روکنے کا منصوبہ
سورس: file

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ڈسکہ اور کراچی میں دھاندلی کے الزامات کے بعد  پی پی 84 خوشاب ضمنی انتخاب میں بدنظمی و دھاندلی کے امکانات کو روکنے کیلئے منصوبہ تیار کرلیا۔ہر پولنگ اسٹیشن کیلئے فوکل پرسن مقرر کردیا۔الگ گاڑی مختص، پولنگ اسٹیشن سے ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچنے کا وقت بھی مقرر کر دیا گیا۔

نیو نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس  کے  دوران  پی پی 84 خوشاب میں پانچ مئی کو ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن نے بڑے فیصلے کر لیے۔ذرائع کے مطابق پولنگ عملے کی نقل و حرکت کے لیے ہر پولنگ اسٹیشن کے لیے الگ گاڑی مختص ہوگی ،ہر گاڑی میں دو پولیس اہلکار،دو رینجرز اہلکار اور ایک فوکل پرسن موجود ہو گا۔ریٹرننگ آفیسر کے پاس رابطے کے لیے گاڑی میں موجود پانچوں افراد کے نمبرز ہوں گے،پولنگ کب بند ہوئی،کس وقت پولنگ اسٹیشن چھوڑا اور کہاں پہنچے؟

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوکل پرسن آر او اور ڈی آر او کو لمحہ بہ لمحہ اپڈیٹ کرے گا۔115 پونگ اسٹیشن کا عملہ نتائج مکمل کرنے کے بعد ایک گھنٹے میں آر او آفس پہنچے گا۔65 پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو فاصلے کے مطابق ڈیڑھ گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے۔

زیادہ فاصلے پر موجود تین پولنگ اسٹیشنز کے عملے کے پاس دو گھنٹے کا وقت ہو گا۔الیکشن کمیشن اور آر او آفس جیو ٹیگنگ کے ذریعے بھی انتخابی عملے پر نظر رکھے گا۔10 مانیٹرنگ ٹیمیں بھی حلقے میں کام کریں گی۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب،الیکشن کمیشن کے ڈی جی آئی ٹی بھی حلقے میں موجود رہیں گے۔50 پولیس اہلکاروں پر مشتمل موٹربائیک اسکواڈ بھی حلقے میں موجود ہو گا۔انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 13،حساس پولنگ اسٹیشنز پر 9 ،نارمل پولنگ اسٹیشن پر 6 اہلکار جبکہ دو دراز علاقوں میں 10 اضافی اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔

واضح رہے کہ خوشاب میں پنجاب اسمبلی کی سیٹ پر انتخاب  5 مئی کو ہو رہا ہے ۔ یہ نشست مسلم لیگ ن کے وارث کلو کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔