پشاور سمیت خیبرپختونخواہ میں عیدالفطر آج منائی جا رہی ہے

پشاور سمیت خیبرپختونخواہ میں عیدالفطر آج منائی جا رہی ہے

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت، زونل اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی مقامی رویت ہلال کمیٹیوں کے اعلان کے مطابق آج پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں عید الفطر منائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے برعکس خیبرپختونخوا حکومت، زونل اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی مقامی رویت ہلال کمیٹیوں نے آج عیدالفطر منانے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت پشاور سمیت صوبہ کے بیشتر اضلاع کی عید گاہوں، جامع مساجد اور کھلے مقامات پر نمازعید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ پشاور میں منعقد ہوا جہاں چیف خطیب خیبرپختونخوا مولانا محمد طیب قریشی نے نماز عید پڑھائی، عید گاہ پشاور میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جن میں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش، اے این پی کے رہنما حاجی غلام احمد بلور اور سینیٹر ہدایت اللہ بھی شامل تھے، نماز عید کے بعد ملک وقوم کی سلامتی قیام امن اور امت مسلمہ کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ 
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے نماز عید گورنر ہاﺅس پشاور میں ادا کی جہاں صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی اور مشیر معدنیات عارف احمد زئی کے علاوہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، کمشنر پشاور ریاض محسود اور دیگر حکام بھی نماز عید میں شریک تھے۔

مصنف کے بارے میں