عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف توہین مذہب کے مقدمات چیلنج

عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف توہین مذہب کے مقدمات چیلنج

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت اپنے رہنماؤں پر درج توہین مذہب کے مقدمات کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق مسجد نبویﷺ میں پیش آنے والے واقعے پر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کیخلاف توہین مذہب کے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ 
سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے بھتیجے اور رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق کو تو عمرہ ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچنے پر اسلام آباد ائیرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا جن کا آج اٹک کی ضلعی عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ 
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجھے اور مقدمات میں نامزد ساتھیوں کو غیر قانونی ہراساں کرنے سے روکا جائے۔ 
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں درج مقدمات ریکارڈ پر لانے کی ہدایت کی جائے اور پٹیشنرز اور اس کے ساتھیوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی سے روکا جائے جبکہ آگاہ کیا جائے کہ کس بنیاد پر مقدمات دائر کئے گئے۔ 
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت سے استدعا ہے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) یا پولیس کی جانب سے کسی بھی طرح کے ایکشن کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔ 
ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کی جانب سے دائر کی گئی پٹیشن کو سماعت کیلئے منظور کر لیا گیا ہے اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ اس کی سماعت کریں گے۔ 
واضح رہے کہ آج عدالت کی چھٹی ہے مگر ہائیکورٹ نے انتہائی فوری نوعیت کے مقدمات چھٹیوں میں بھی سننے کا سرکلر جاری رکھا ہے اس لئے پی ٹی آئی کی جانب سے آج ہی عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ 

مصنف کے بارے میں