امریکہ کو تنہا کرنے کیلئے روس ہماری مدد کرے، ایران

امریکہ کو تنہا کرنے کیلئے روس ہماری مدد کرے، ایران

تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے روسی صدر ولادی میر پوتن پر زور دیا ہے کہ ان کا ملک امریکہ کو تنہا کرنے کے لیے طریقے تلاش کرنے میں ایران کی مدد کرے۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق علی خامنہ ای نے روسی صدر سے ملاقات میں کہا ہے کہ امریکہ کو تنہا کرنے اور مشرق وسطی میں استحکام لانے کے لیے تہران اور ماسکو کو باہمی تعاون بڑھانا چاہیے۔

ایران کے ریاستی ٹی وی چینل کے مطابق روسی صدر ولادی میر پوتن نے ایرانی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں۔ آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ہمارے تعاون سے امریکہ کو تنہا کیا جا سکتا ہے شام میں امریکہ کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کی ناکامی سے کوئی انکار نہیں کر سکتا لیکن امریکہ اب بھی اپنی سازشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ یاد رہے کہ ایران اور روس شام کے صدر بشار الاسد کے دو بڑے حامی ہیں۔

دوسری جانب ایرانی صدر حسن روحانی نے صدر پوتن سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور روس مل کر 'علاقائی دہشت گردی' سے نمٹ سکتے ہیں۔ صدر روحانی نے روسی صدر اور آذربائیجان کے صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا ہمارے تعاون کے باعث اس خطے میں دہشت گردی سے نمٹا گیا ہے۔ ہم مل کر خطے میں امن قائم کر سکتے ہیں۔

روسی صدر پوتن نے ایران کے ساتھ تعاون کو سراہتے ہوئے اس کو کارآمد قرار دیا۔ صدر پوتن نے کہا کہ ہم عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے ایرانی جوہری معاہدے میں یک طرفہ کسی تبدیلی کی مخالفت کرتے ہیں۔ روسی صدر کے ایران کے دورے کے دوران روسی کمپنی روزنیفٹ اور نیشنل ایرانین آئل کمپنی کے درمیان 30 بلین ڈالر کا معاہدے طے پایا۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں