پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے صوبوں میں موثر رابطےضروری ہیں، مریم اورنگزیب

پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے صوبوں میں موثر رابطےضروری ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد:  وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے صوبوں میں موثر رابطے، ٹیکنالوجی کا استعمال لازم ہے۔ پہلی بار پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے سیکرٹریٹ قائم کیا گیا ہے۔پائیدار ترقیاتی اہداف سے متعلق پارلیمانی ٹاسک فورس کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایم ڈی جیز بنتے وقت کچھ ممالک کی جانب سے اہداف مقرر نہیں کئے گئے تھے اور 18ویں ترمیم سے ایم ڈی جیز کے کئی مقاصد صوبوں کے پاس چلے گئے۔ 1999ء میں ایم ڈی جیز مقرر ہو رہے تھے اور ملک میں آمریت تھی اور آمریت میں آئین معطل رہا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ تعلیم اور صحت کے لئے بجٹ بڑھانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے رپورٹنگ کا عمل آسان بنا دیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آبادی کے مسائل کے حوالے سے پارلیمنٹ جلد کانفرنس منعقد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پارلیمنٹ کے لئے علیحدہ چینل کا آغاز کر رہا ہے جو صرف پارلیمانی امور اور سرگرمیوں کی کوریج کرے گا۔ یہ چینل پارلیمانی امور سے متعلق مزید آگاہی پیدا کرنے میں موثر کردار ادا کرے گا۔