پاک چین اقتصادی راہداری کا مغربی روٹ آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلے کے مطابق ہو گا، احسن اقبال

پاک چین اقتصادی راہداری کا مغربی روٹ آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلے کے مطابق ہو گا، احسن اقبال

اسلام آباد (:  وزیر منصوبہ بندی ترقی اصلاحات داخلہ احسن اقبال نے جمعرات کو سینیٹ میں دوٹوک الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا مغربی روٹ آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلے کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے۔ روٹ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مغربی روٹ کے معیار پر معترفین کو اس روٹ کے معائنہ کی دعوت دی۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے ژوب تک روٹ پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبے پشتون، بلوچ ،سندھی ،پٹھان ،پنجابی اور سرائیکی کی بنیاد پر نہیں بنتے۔ اس حوالے سے تعصب کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے۔ ایک صوبے میں پیدا ہونے والی بجلی کا سارے ملک کو فائدہ ہوتا ہے۔ سی پیک کے مغربی روٹ کو 2018ء میں مکمل کر لیا جائے گا۔ کل جماعتی کانفرنس کے اعلان کے مطابق مغربی روٹ پر کام ہو رہا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے بہرامتک سیشن پر کام تیزی سے جاری ہے۔ کسی کو شک ہے تو انہیں اس روٹ کے معائنہ کی دعوت دیتا ہوں آئیں میرے ساتھ چلیں، مغربی روٹ پر کام کے معیار کو دکھاؤں گا۔ مغربی روٹ کے ڈیرہ اسماعیل خان ژوب، کوئٹہ پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔