اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور گجرانوالہ میں موبائل فون سروس آج معطل رہے گی

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور گجرانوالہ میں موبائل فون سروس آج معطل رہے گی
کیپشن: موبائل فون سروس صبح 8 بجے سے مغرب تک معطل رہے گی۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو توہین رسالت کے الزام سے بری کیے جانے کے خلاف مذہبی جماعتوں کے احتجاج اور ہڑتال کی کال دیئے جانے کے بعد امن و امان کی صورت حال کے سبب آج اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور گجرانوالہ میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں آگاہ کیا کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور گجرانوالہ میں موبائل فون سروس صبح 8 بجے سے مغرب تک معطل رہے گی۔

فواد چوہدری نے مزید لکھا ملک میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔ ریاست کے صبر کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ آئین اور قانون کی مکمل عملداری ہی عوام کا مفاد ہے اور ہم یہ فرض پورا کریں گے۔ وزیر اعظم کو صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جا رہا ہے۔ چین کے اہم دورے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکام ہو گی۔

واضح رہے کہ 31 اکتوبر کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت پانے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو ناکافی شواہد کی بناء پر بری کردیا تھا، جس کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج شروع ہوا جس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔