جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق قاتلانہ حملے میں جاں بحق

جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق قاتلانہ حملے میں جاں بحق
کیپشن: image by facebook

راولپنڈی : مذہبی جماعت جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے ، مولانا سمیع الحق گھر میں موجود تھے کہ چاقو سے حملہ کیا گیا ، شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہیں ہوسکے ۔

مولانا سمیع الحق کے ترجمان مولانا  اسرار مدنی  کے مطابق جمعہ کی شام عصر اور مغرب کے درمیان مولانا اپنے گھر بحریہ ٹان واقع رفیع بلاک میں موجود تھے،ان کے ساتھ عام گھریلو حالات میں ایک ہی ملازم ہوتا تھا جو ان کا پرسنل سیکرٹری بھی ہے اور دیگر خدمات بھی سرانجام دیتا تھا،وہ قریبی مارکیٹ میں مولانا کیلئے دودھ لینے گیا،جب واپس آیا تو دیکھا کہ مولانا خون میں لت پت پڑے تھے اور نامعلوم افراد گھر میں گھس کر ان کو چاقوں سے نشانہ بناکر فرار ہوچکے تھے۔

ابھی تک حملہ آوروں کی تعداد کے متعلق بھی تعین نہیں کیاجاسکتا کہ ان کی تعداد کتنی تھی، یہ واقعہ جمعہ کو عصر کے بعد اور مغرب سے پہلے پیش آیا،جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیاگیا۔

ترجمان نے بتایا کہ واقعہ کی اصل حقیقت یہ ہے،فائرنگ کی خبریں بے بنیاد ہیں،ان سے اجتناب کیاجائے،انہوں نے کہا ہم شدت غم سے نڈھال ہیں،انہوں نے مولانا کے شاگردوں اور عقیدتمندوں کواس دکھ کی گھڑی میں صبر کی تلقین کی۔