نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 55 ہزار تک پہنچ گئی

نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 55 ہزار تک پہنچ گئی

لاہور: نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 55 ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ ان کے دل اور گردہ کے مسائل علاج معالجہ میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں ۔

میڈیکل بورڈ کے مطابق پلیٹ لیٹس میں اضافہ ہونے کے بعد نوازشریف کو دل کی دوسری ادویات بھی شروع کروا دی گئی ہیں اور آئی ٹی پی تشخیص کے بعد تجویز کردہ ادویات بھی نوازشریف کو بہتر کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم کو سروسز ہسپتال میں آج 12واں روز ہے اور میڈیکل بورڈ نوازشریف کے طبی معائنے کے بعد مزید ٹیسٹ تجویز کرے گا۔نوازشریف کو طبیعت کی سخت خرابی کے بعد بدھ کی رات نیب لاہور کے دفتر سے سروسز ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا تھا۔نواز شریف کے خون میں سفید خلیوں کی تعداد خطرناک حد تک کم ہونے کے سبب انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

سروسز ہسپتال لاہور کے پرنسپل پروفیسر ایاز محمود کی سربراہی میں چھ رکنی میڈیکل بورڈ نواز شریف کا علاج کررہا ہے جس میں ڈاکٹر کامران خالد، ڈاکٹر عارف ندیم ، ڈاکٹر فائزہ بشیر، ڈاکٹر خدیجہ عرفان اور ڈاکٹر ثوبیہ قاضی شامل ہیں۔میڈیکل بورڈ سینئر میڈیکل اسپیشلسٹ، گیسٹرو انٹرولوجسٹ، انیستھیزیا اسپیشلسٹ اور فزیشن پر مشتمل ہے۔