پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر بڑھنے لگی، مزید 12 مریض جان گنوا بیٹھے

The second wave of corona virus spread in Pakistan, 12 more patients lost their lives
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 12 مریض جان گنوا بیٹھے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 835 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 13 ہزار 242 ہے جبکہ ایک دن میں ایک ہزار 123 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے 3 لاکھ 15 ہزار 016 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ 3 لاکھ 35 ہزار 093 مصدقہ کورونا کیس سامنے آ چکے ہیں۔ سندھ میں 1 لاکھ 46 ہزار 331، پنجاب 1 لاکھ 4 ہزار 554، خیبر پختونخوا 39649، اسلام آباد میں 20089، گلگت بلتستان 4279، بلوچستان میں 15954 اور آزاد کشمیر میں کورونا کے 4237 مصدقہ کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا کے 2631، پنجاب 2365، خیبر پختونخوا 1279، اسلام آباد 222، بلوچستان 151، گلگت بلتستان، 92 اور آزاد کشمیر میں تاحال کورونا وائرس سے 95 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 27953 کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔

اس وقت ملک بھر کے 735 ہسپتالوں میں کورونا کے 879 مریض زیر علاج ہیں۔ ان میں سے 119 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔ ملک بھر میں تاحال 44 لاکھ 86 ہزار 843کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔

ادھر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ بھی قرنطینہ ہو گئے۔ ڈاکٹر ٹیڈروس نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ حالیہ دنوں کسی سے ملاقات ہوئی، جس کا کورونا مثبت تھا۔ میرے اندر کورونا کی علامت نہیں، تاہم احتیاطاً تنہائی اختیار کی ہے۔ میں اور میرے ساتھی جانیں بچانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

ادھر کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خدشات کے پیشِ نظر انگلینڈ میں ایک ماہ کے لیے ملک گیر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے جس کا اطلاق 5 نومبر سے ہوگا۔ یورپ میں برطانیہ کے علاوہ فرانس، جرمنی، بیلجیئم اور یونان میں رواں سال کے دوسرے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ جبکہ سپین اور اٹلی میں حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 12 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ اب تک 4 کروڑ 67 لاکھ 50 ہزار 900 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ایران میں کورونا سے مزید 434 اموات افراد موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔ دیگر ملکوں کی بات کریں تو میکسیکو میں 464، اٹلی میں 208، برطانیہ 162، ترکی میں 74 مریض جان گنوا بیٹھے ہیں۔ فرانس میں 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 290 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 231 افراد جان سے گئے۔ فرانسیسی حکومت نے صورتحال کے پیش نظر ایئرپورٹ بند کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔