ملک کی بربادی کا ذمہ دار "شریف ٹبر ماڈل"، اب انھیں استثنیٰ نہیں ملے گا: شہباز گل

Dr Shahbaz Gill, Politics, Pakistan, News
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ کردار کی باتیں وہ کر رہے ہیں جن کا صبح شام کام آقاؤں کی کرپشن بچانا ہے۔ انڈین اکاونٹس سے اربوں روپے پارسائی کا راگ الاپتے والے خاقان عباسی کے اکاؤنٹ میں آئے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے بیان میں کہا کہ شاہد خاقان عباسی چاہتے ہیں کہ ان سے سوال نہ پوچھا جائے۔ ہندوستان کی زبان بولنے والے کردار کی بات نہ کریں۔ موصوف کو کرپشن میں مہارت پر ''میاں مفرور'' نے گدی سونپی تھی۔ ن لیگ کا اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنا شرمناک ہے۔ کچھ کردار ''میاں مفرور'' کے آلہِ کار بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے لیگی رہنما کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں ہی آپ لوگوں نے ہیر پھیر کی۔ شہباز شریف سمیت آپ کا طریقہ واردات ہی کمیشن اور کک بیکس تھا۔ ملک کی بربادی کا ذمہ دار "شریف ٹبر ماڈل" ہے۔ یہ شاہد خاقان عباسی کا قصور نہیں، ن لیگ ہمیشہ سے ہی استثناؤں کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی ہے لیکن ایک اور استثنٰی کے خواب دیکھنے والوں کو اب کچھ نہیں ملنا۔

گزشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں معاون خصوصی نے لکھا تھا کہ نواز شریف جمہوریت کے "ج" اور نظریاتی کے "ن" سے بھی ناواقف ہیں۔ ان کے نزدیک جمہوریت صرف آلِ شریف کی نسل درنسل غلامی اور"مال بناؤ" کا نام ہے۔ جب مال بنانے کا موقع نہ ملے تو ملک کو بھی بیچنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ یہ ہے اصلیت ان کرپٹ،چور، ذاتی مفادات کی حریص اور جمہوریت کے جعلی علمبرداروں کی۔

اس سے قبل لیگی رہنما ایاز صادق کو اپنی ایک ٹویٹ میں لتاڑتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر ہماری ٹانگیں کانپتی تو ہم اگلے دن ان کے دو جنگی جہاز مار دیتے کیا، ایسے محب وطن لیڈر کی ضرورت ہوتی ہے، جب آپکی فوج سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہو اور آپ کے لیڈر کی آواز امریکا میں شیر کی طرح گونج رہی ہو۔