ناموس رسالتﷺ کے تحفظ کیلئے وزیراعظم کی قیادت میں متحد ہیں: عمر ایوب خان

Omar Ayub Khan, Pakistan, Prime Minister
کیپشن: فائل فوٹو

ہری پور: وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ناموس رسالت ﷺ کے تحفظ کے لیے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام اسلامی ممالک کے سربراہان کو خطوط ارسال کرکے معاملے کی حساسیت سے آگاہ کیا ہے۔ گستاخیاں کرکے مسلمانوں کو تکلیف پہنچانے والے بدبختوں کے خلاف کردار ادا کرنے میں پاکستان تمام اسلامی ممالک کی قیادت کرے گا۔

وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے یہ بات ہری پور میں سوئی گیس فراہمی سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ منگ اور کالی تراڑ میں کم وولٹیج سمیت بجلی کے دیگر مسائل حل کر دئیے ہیں جبکہ 80 لاکھ روپے کی سکیموں پر کام جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گرڈ سٹیشنز اور فیڈرز کی تعمیر اور اپ گریڈیشن سے ضلع بھر میں بجلی کے جملہ مسائل آئندہ کئی دہائیوں کے لیے ختم ہو جائیں گے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے سسٹم میں بہتری لا رہے ہیں۔ بجلی کی کمی پوری کرنے کے ساتھ ساتھ قیمتیں بھی کم ہو جائیں گی۔

سرکاری میڈیا کے مطابق عمر ایوب خان نے مزید کہا کہ ٹی آئی پی کو این آر ٹی سی کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں روزگار کے متعدد مواقع پیدا ہوں گے اور ضلع سے بیروزگاری میں کمی آئے گی۔