دسمبر 2021 ءکے اختتام پر کورونا وائرس کی پانچویں لہر متوقع 

 دسمبر 2021 ءکے اختتام پر کورونا وائرس کی پانچویں لہر متوقع 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کو 2 سال مکمل ہونے کو ہیں جس نے پوری دنیا کو متاثر کیا اور ابھی تک کئی ممالک میں اس کے وار جاری ہیں جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ دسمبر 2021ءکے اختتام تک پاکستان سمیت دنیا بھر میں موذی وباءکی پانچویں لہر متوقع ہے۔ 
پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020ءمیں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ 2020ءمیں حکومت پاکستان نے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا تھا۔ لاک ڈاؤن کے دوران کاروباری ادارے، مارکیٹیں، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس سمیت دیگر شادی بیاہ کی تقریبات بھی متاثر رہیں لیکن 2021 کے درمیان وائرس کی چوتھی لہر میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی اور رفتہ رفتہ معمولات زندگی بحال ہو رہے ہیں۔ 
رواں سال کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانا شروع کی گئی جس کی وجہ سے وائرس سے متاثر ہونے والے افراد میں نمایاں کمی سامنے آئی اور ویکسین لگانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے مگر اس کیساتھ ہی ماہرین نے دنیا بھر کے ممالک کو وائرس کی پانچویں لہر کیلئے تیار رہنے کا عندیہ بھی دیدیا ہے۔ 
ماہرین کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں یہ وائرس تیزی سے نشوونما کرتا ہے جس کے باعث برطانیہ، روس اور جارجیا میں کورونا وائرس کی پانچویں لہر نے زور پکڑنا شروع کردیا ہے جبکہ اس نئی لہر میں ڈیلٹا وائرس کی ذیلی اقسام بھی سامنے آئی ہیں جو اور بھی زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔