حسن، حسین اور کیپٹن (ر) صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

حسن، حسین اور کیپٹن (ر) صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد: نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت نے عدم پیشی پر  حسن، حسین اور کیپٹن (ر) صفدر کے ناقابل ضمانت   جبکہ مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ وارنٹ گرفتاری احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جاری کئے اور عدالت نے  تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے شریف فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت میں نیب نے حسن ، حسین ، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کے وارنٹ کے سمن کی تعمیلی رپورٹ جمع کرا دی ہے۔ نیب نے حسن ، حسین ، مریم ، کیپٹن (ر)صفدر کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی استدعا بھی کی جبکہ نواز شریف کے بچوں اور داماد کی جانب سے حاضری سے استثنی ٰکی درخواست عدالت میں جمع کرائی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ والدہ کی طبیعت کی نا سازی کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔

یاد رہے عدالت نے گزشتہ سماعت پر سابق وزیراعظم کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز سمیت داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو آج (2 اکتوبر) پیر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔  سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت کے روبرو دوسری مرتبہ پیش ہوئے تاہم کیس میں نامزد دیگر ملزمان حسن، حسین اور مریم نواز سمیت کیپٹن (ر) محمد صفدر عدالت میں اب تک پیش نہ ہوئے۔

واضح رہے سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہے۔

نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا ہے۔ العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں