الیکشن بل 2017 آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا

الیکشن بل 2017 آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا

اسلام آباد: سینیٹ سے ترامیم کے ساتھ منظور ہونے والا انتخابات بل 2017 منظوری کے لیے آج قومی اسمبلی میں دوبارہ پیش ہوگا۔ قومی اسمبلی سے انتخابات بل کی منظوری کے بعد سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے دوبارہ پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ انتخابات بل2017 کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے منعقد ہو گا جس میں سینیٹ سے ترامیم کے ساتھ منظور ہونے والا انتخابات بل قومی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ وزیر قانون انتخابات بل 2017 میں سینیٹ کی جانب سے کی جانے والی ترامیم منظوری کے لیے پیش کریں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سینیٹ سے ترامیم شدہ کلازز کو مرحلہ وار منظوری کے لیے ایوان میں پیش کریں گے۔ ممبران اسمبلی کلاز کی حمایت یا مخالفت میں Ayes یا Noesکہ کر ووٹ دیں گے۔ اسپیکر ووٹ پر ممبران کی کاونٹنگ بھی کروا سکتے ہیں۔ انتخابات بل کی کلاز کی منظوری کے لیے سادہ اکثریت درکار ہو گی۔

ممبران کی جانب سے ترمیم میں ترمیم لائی جا سکتی ہے تاہم قومی اسمبلی کی جانب سے ترمیم منظور ہونے کی صورت میں بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں چلا جائے گا۔ لہذا بل کو فوری ایکٹ کی شکل دینے کے لئے لازم ہے کہ قومی اسمبلی بل کو سینیٹ سے منظور شدہ حالات میں ہی منظور کرے۔

انتخابات بل کی منظوری کے لیے ایوان کے ممبران کی سادہ اکثریت درکار ہو گی اور بل کی منظوری ایوان میں اس وقت حاضر ممبران دیں گے۔ قومی اسمبلی سے سادہ اکثریت سے منظور ہونے کے بعد بل صدر مملکت کے پاس چلا جائے گا۔ صدر مملکت کے دستخط کے بعد انتخابات بل 2017 قانون بن جائے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں