ایک مجرم بھاگ گیا اور مظلوم گرفت میں ہے، پرویز رشید

ایک مجرم بھاگ گیا اور مظلوم گرفت میں ہے، پرویز رشید

اسلام آباد: نواز شریف کی پیشی پر عدالت میں داخلے سے روکے جانے پر پرویز رشید بھی خفا نظر آئے اور انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملک کی بدقسمتی رہی ہے اقتدار کسی اور کے پاس ہوتا ہے اور اختیار کسی اور کے جو آج کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ تیسری بار منتخب ہونے والے وزیراعظم کو عدالت لایا گیا اور عدالت کو کھلا ہونے کے بعد بند کر دیا گیا جس نے بھی کھلی عدالت کو بند کیا اس کا نوٹس لینا سپریم کورٹ کا فرض ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ ہم نے جہوریت کے لیے اپنی کوششیں کیں اور اس کی قیمت ادا کر رہے ہیں اگر آج نواز عدالت کے سامنے اور ہم سب باہر کھڑے ہیں تو یہ وہ قیمت ہے جو پاکستان کے جمہوری سیاسی کارکن ادا کرتے ہیں اور ادا کر رہے ہیں۔ ہم یہ قیمت اس وقت تک ادا کریں گے جب تک اختیار عوام کو نہ مل جاتا۔ ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ اوپن ٹرائل نہیں بلکہ ہائی جیک ٹرائل ہے سپریم کورٹ اس کا جواب دے کیونکہ پاکستان کے آئین پر عمل کرانا عدالت کا کام ہے۔

انہوں نے پرویز مشرف کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک مجرم بھاگ گیا اور مظلوم گرفت میں ہے۔ صحافی کی جانب سے جب سوال کیا گیا کہ پرویز مشرف کے جانے میں چوہدری نثار نے مدد کی اس کے جواب میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار ہماری مدد نہیں کر سکے ان کی کیا کریں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں