اپنے دوست صدر ٹرمپ کی آمد کا منتظر ہوں، چینی صدر

اپنے دوست صدر ٹرمپ کی آمد کا منتظر ہوں، چینی صدر

بیجنگ:چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے امریکی ہم منصب کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ ان کے دوست ہیں اور انہیں یقین ہے کہ اس برس نومبر میں ٹرمپ کا دورہ چین ’کامیاب اور زبردست‘ ثابت ہو گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے دورہ بیجنگ کے دوران چینی صدر شی جن پنگ اپنے امریکی ہم منصب کی تعریفیں کرتے دکھائی دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی صدر ٹرمپ سے ملاقاتیں کافی خوشگوار رہی ہیں اور دونوں صدور نے امریکا اور چین کے تعلقات بہتر بنانے کے لیے کافی کوششیں کی ہیں۔امریکی وزیر خارجہ کے ہمراہ بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شی جن پنگ کا صدر ٹرمپ کے بارے میں کہنا تھاکہ ہم دنوں نے کام سے متعلق بہت قریبی تعلقات قائم کر رکھے ہیں اور دونوں کے مابین ذاتی سطح پر بھی دوستی ہے۔

چینی صدر کا مزید کہنا تھاکہ مجھے یقین ہے کہ صدر ٹرمپ کے دورہ چین کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری لانے کا موقع ملے گا اور مجھے یہ بھی یقین ہے کہ ان کا دورہ خاص، کامیاب اور زبردست رہے گا۔

چینی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اچھے تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں اور دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات ان کے باہمی اختلافات کی نسبت کہیں زیادہ ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں