مجلس عاملہ نے نواز شریف کو صدر بنانے کیلئے پارٹی آئین میں ترمیم کی منظوری دیدی

مجلس عاملہ نے نواز شریف کو صدر بنانے کیلئے پارٹی آئین میں ترمیم کی منظوری دیدی

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر سردار یعقوب کی زیر صدارت (ن) لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں شہباز شریف، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سمیت وفاقی وزرا بھی موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں میاں نوازشریف اور چوہدری نثارشریک نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق مرکزی مجلس عاملہ نے پارٹی آئین میں ترمیم کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد میاں نواز شریف کے پارٹی صدر بننے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے آئین کے تحت کوئی بھی نااہل یا ایسا شخص جو ممبر قومی اسمبلی بننے کا اہل نہیں تھا وہ پارٹی کا عہدہ بھی نہیں رکھ سکتا تھا لیکن اب پارٹی کے آئین کے آرٹیکل 120 کی ذیلی شق 3 میں ترمیم کر دی گئی ہے جس کے بعد نااہل شخص پارٹی عہدہ رکھ سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ترمیم کی پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس سے توثیق کرائی جائے گی اور الیکشن بل 2017 قومی اسمبلی سے منظور ہونے کے بعد پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں نواز شریف کو باضابطہ پارٹی صدر مقرر کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر مشاہد اللہ نے نواز شریف پر اعتماد کی قرارداد بھی پیش کی جو منظور کرل ی گئی۔ قرار داد میں نواز شریف کی بطور وزیراعظم کارکردگی اور ان کے چار سالہ دور میں ترقیاتی کاموں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ اس دوران وزیر داخلہ احسن اقبال نے احتساب عدالت میں آج پیش آنے والے واقعات پر بریفنگ دی۔

یاد رہے آج اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں میاں نوازشریف پر فرد جرم کا معاملہ 9 اکتوبر تک مؤخر کر دیا ہے جب کہ کیس میں عدم پیشی پر نواز شریف کے صاحبزادوں اور داماد کے ناقابل ضمانت اور مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں