دنیا پاکستان پر الزام لگا رہی ہے اور حکومت جھوٹے شخص کو ریسکیو کر رہی ہے: طاہر القادری

دنیا پاکستان پر الزام لگا رہی ہے اور حکومت جھوٹے شخص کو ریسکیو کر رہی ہے: طاہر القادری

لاہور :پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ دنیا دہشتگردی کی جنگ میں73ہزار سے زائد جانی قربانیاں دینے والے پاکستان پر دہشتگردوں کی پشت پناہی کا انتہائی خطرناک الزام لگا رہی ہے اورحکومت کی توجہ ایک جھوٹے شخص کو ریسکیو کرنے پر مرکوز ہے


ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نا اہل کو پارٹی صدر بنانے کیلئے قانون سازی کر کے پاکستان کے اسلامی ،جمہوری تشخص کا چہرہ داغدار اور ایماندار محب وطن پاکستانیوں کو پارلیمانی جمہوریت سے متنفر کیا جا رہا ہے ۔ ایک خائن کیلئے پارلیمنٹ کے فلور کو استعمال کر کے آئندہ نسلوں کو کیا اخلاقی پیغام دیا جا رہا ہے ۔ایک جھوٹا شخص 21کروڑ عوام کی تقدیر کے سیاہ و سفید کا مالک نہیں ہوسکتا۔پاکستان کے نوجوانوں،پڑھے لکھے طبقات کو چپ کا روزہ توڑ دینا چاہیے اورپاکستان کو جھوٹوں اور لٹیروں کے چنگل سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔


ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اشرافیہ کی کرپشن اور دھوکہ بازی کھلی کتاب کی طرح ہے اب اس پر سپریم کورٹ کی مہر بھی لگ چکی مگر ایک سازش اور مکاری کے تحت اداروں کو اداروں کے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے اور وزراء پاکستان کا مقدمہ لڑنے کی بجائے دشمنوں کے بیانیے کو تقویت دے رہے ہیں۔پاکستان اپنی تاریخ کے انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے المیہ یہ ہے کہ اس موقع پر باگ ڈور جھوٹوں اور کرپٹ ٹولے کے ہاتھ میں ہے۔


ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام تماشائی کا کردار ادا کرنے کی بجائے محب وطن پاکستانی کا کردار ادا کریں۔اشرافیہ اور پاکستان کے دشمن یک زبان ہو کر انصاف اور سلامتی کے اداروں کو ٹارگٹ کر رہے ہیں ،یہ سب کچھ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت مخصوص مفادات کے حصول کیلئے ہو رہا ہے ۔کرپٹ اشرافیہ کو جتنا وقت اور سپیس ملے گی پاکستان کا اتنا زیادہ نقصان ہو گا ۔اب وقت آ گیا ہے کہ یہ بات طے کر لی جائے کہ کسی لٹیرے،قاتل اور جھوٹے کو اقتدار کے ایوانوں میں برداشت نہیں کیا جائیگا۔