شاہ محمود قریشی کو ہرانے والا امیدوار نااہل قرار

شاہ محمود قریشی کو ہرانے والا امیدوار نااہل قرار
کیپشن: الیکشن کمیشن نے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کی نشست پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو شکست دینے والے آزاد امیدوار محمد سلمان کو نا اہل قرار دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے حلقہ پی پی 217 کے ووٹرز کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ الیکشن کمیشن نے درخواست منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ نادار ریکارڈ سے ثابت ہوتا ہے کہ عام انتخابات کے وقت آزاد امیدوار محمد سلمان کی عمر 25 سال سے کم تھی جب کہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کے لئے کم از کم عمر 25 سال ہے۔

الیکشن کمیشن نے پی پی 217 سے محمد سلمان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے الیکشن کالعدم قرار دے دیا اور حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ 25 جولائی کے انتخابات میں آزاد امیدوار محمد سلمان نے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو شکست دی تھی۔ بعد ازاں محمد سلمان نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔