انڈونیشیا میں زلزلے اور سونامی سے اموات کی تعداد 1234 تک پہنچ گئی

 انڈونیشیا میں زلزلے اور سونامی سے اموات کی تعداد 1234 تک پہنچ گئی
ساحلی شہر پالو میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالا جا رہا ہے۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ اسکائی نیوز

جکارتہ: انڈونیشیا کے ساحلی شہر پالو میں زلزلے اور سونامی سے ہلاک افراد کی تعداد 1234 ہو گئی جب کہ ہلاک افراد کی اجتماعی قبروں میں تدفین کا عمل بھی جاری ہے۔


غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے اور سونامی سے متاثرہ انڈونیشیا کے ساحلی شہر پالو میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالا جا رہا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق زلزلے و سونامی سے اموات کی تعداد ایک ہزار 234 ہو گئی اور مزید لاشیں ملنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ 28 ستمبر کو انڈونیشیا میں 7.5 شدت کے زلزلے نے ساحلی شہر پالو اور اس کے نواحی علاقوں میں تباہی مچائی تھی جس کے باعث سیکڑوں افراد جاں بحق و زخمی ہوئے اور کئی عمارتوں کو نقصان بھی پہنچا۔

انڈونیشیئن حکام کے مطابق تمام ہلاکتیں ساحلی شہر پالو میں ہوئیں جہاں 7.5 شدت کے زلزلے کے بعد سمندری لہریں 10 فٹ تک بلند ہو کر ساحلی علاقوں میں داخل ہوئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں سے 17 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں خوراک اور پانی کی کمی ہے جب کہ مقامی مارکیٹوں میں لوٹ مار کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔