دھرنے کے دنوں میں طاہر القادری نے کراچی بند کرنے کیلئے ایم کیو ایم سے مدد مانگی,علی رضا عابدی

دھرنے کے دنوں میں طاہر القادری نے کراچی بند کرنے کیلئے ایم کیو ایم سے مدد مانگی,علی رضا عابدی

کراچی : دھرنے کے دنوں میں طاہر القادری نے کراچی بند کرنے کیلئے ایم کیو ایم سے مدد مانگی تھی۔علی رضا عابدی کے مطابق طاہرالقادری نے کہا کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں گرتے ہی سندھ ایم کیو ایم کو دے دیا جائے گا جبکہ شاہ محمود قریشی نے بھی ایم کیو ایم سے دھرنے میں شامل ہونے کی درخواست کی۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے سابق رکن اسمبلی علی رضا عابدی کے انکشافات نے نئی بحث چھیڑ دی اور ملکی سیاست میں ایک بار پھر ملکی سیاست میں لندن پلان کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔علی رضا عابدی نے ٹوئٹر پر لندن پلان کی حقیقت بیان کرتے ہوئے پیغامات جاری کیے ہیں۔

علی رضا عابدی کے مطابق طاہر القادری نے لندن سیکریٹریٹ کال کرکے کراچی بند کرنے کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کی اعلی قیادت سے مدد مانگی اور مدد کی صورت میں ایم کیوایم کو سندھ حکومت دینے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

علی رضا عابدی نے یہ بھی کہا کہ شاہ محمود قریشی نے بھی مدد کی درخواست کی، یہی نہیں بلکہ دھرنے کے دنوں میں طاہر القادری کی لاہور سے اسلام آباد روانگی کیلئے متحدہ نے ن لیگ سے معاملات طے کیے، اور پاکستان عوامی تحریک کے لوگوں کو کھانا بھی پہنچایا۔

علی رضا عابدی دعوی کرتے ہیں کہ متحدہ کو دھرنے میں دعوت کی کالز ان کے سامنے آتی تھیں، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی تمام کالز ریکارڈ کی جاتی تھیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے اعتراف کیا تھا کہ 2014 کے دھرنوں کے پیچھے لندن پلان تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان، پرویز الہی اور چوہدری شجاعت حسین نے لندن میں طاہرالقادری سے ملاقات کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کی حکومت کے خلاف ایک تحریک چلائی جائے گی تاکہ حکومت کو ہٹایا جا سکے۔

یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ماضی میں لندن پلان کی حقیقت سے انکار کرتے رہے ہیں-