خواتین کے حقوق کا تحفظ اور فروغ، وزیر خارجہ کا پاکستان کے عزم کا اعادہ

خواتین کے حقوق کا تحفظ اور فروغ، وزیر خارجہ کا پاکستان کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ خواتین کے حقوق اور آزادیوں پر کارروائی کے لئے بیجنگ پلیٹ فارم کے تحت مقرر کئے جانے والے اہداف کے حصول کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔

وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر خواتین کے متعلق چوتھی عالمی کانفرنس کی چھبیسویں سالگرہ کے موقع پرایک اعلیٰ سطح کی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لئے پاکستان کے احساس پروگرام کا مقصد خواتین کے معیار زندگی کو بلند کرنا اور غربت میں کمی لانا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ کے قیام کے وقت سے ہی خواتین کے حقوق کیلئے کام کیا ہے۔ انسانی حقوق کے عالمگیر اعلامیے کے مسودے کی تیاری کے دوران ہماری معزز نمائندہ بیگم شائستہ اکرام اللہ نے اس اعلامیے میں آرٹیکل 16 کی شمولیت میں فعال کردار ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم قانون سازی کے ذریعے خواتین کے خلاف تشدد، گھریلو تشدد، ہراسگی کے معاملات اور سماجی اور جائیداد کے حقوق کے تحفظ کے لئے مسلسل کام کر رہے ہیں۔