برطانیہ کا نواز شریف کے وارنٹ کی تعمیل کرانے سے انکار

برطانیہ کا نواز شریف کے وارنٹ کی تعمیل کرانے سے انکار
کیپشن: برطانوی حکومت پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی، ذرائع۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لندن: برطانوی حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے سے انکار کر دیا۔ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے کی پانچ بار بھی کی گئی کوشش ناکام ہو گئی۔ 

سفارتی ذرائع کے مطابق ہائی کمیشن نے 5 مرتبہ ایون فیلڈ میں وارنٹس پر دستخط کرانے کی کوشش کی تاہم وارنٹ پر نواز شریف نے دستخط کیے نہ ہی شریف خاندان کے کسی اور فرد نے دستخط کیے۔

جمعرات کو بھی ہائی کمیشن کے دو عہدے دار اسٹریٹ پر 10 منٹ تک انتظار کرتے رہے تاہم ہائی کمیشن کے عہدیدار ایون فیلڈ کے استقبالیہ پر پہنچے بغیر واپس چلے گئے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ فارن آفس کے توسط سے برطانوی حکومت سے وارنٹس کی تعمیل میں مدد کی درخواست کی گئی تھی تاہم برطانوی حکومت نے نوازشریف کے وارنٹس کی تعمیل کرانے سے انکار کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق برطانوی حکومت نےکہا کہ وہ پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی جب کہ وارنٹس کی تعمیل ان کا کام ہے نہ ہی مینڈیٹ ہے۔

اس صورتحال کے بعد پاکستان ہائی کمیشن کے پاس نوازشریف کےوارنٹ کی تعمیل کے محدود آپشن ہیں جس کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن رائل میل یا اپنے عملے کے ذریعے وارنٹس کی تعمیل کرا سکتا ہے تاہم دونوں صورتوں میں نواز شریف پر انحصار ہو گا کہ وہ رضاکارانہ طور پر دستخط کریں۔ پاکستانی ہائی کمیشن اس صورتحال سے اسلام آبادہائی کورٹ کو آگاہ کر چکا ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔

گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں ضمانت ختم ہونے کے بعد عدالتی حکم کے باوجود سرینڈر نہ کرنے پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے 22 ستمبر کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور اپیلوں پر سماعت کے دوران حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کر دی تھی۔ ان وارنٹس کی اب تک تعمیل نہیں ہو سکی ہے۔