سعودی عرب نے افغان ائر لائنز کو ہنگامی پروازوں کی اجازت دے دی

سعودی عرب نے افغان ائر لائنز کو ہنگامی پروازوں کی اجازت دے دی

ریاض : سعودی عرب نے افغان ائیرلائنز کو ہنگامی پروازیں چلانے کی اجازت دے دی۔ہنگامی پروازوں کے ذریعے سعودیہ میں پھنسے افغانیوں  کو لایا جائےگا ۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے افغان ائیر لائنر کو 9 ہنگامی  پروازیں چلانےکی منظوری دے دی گئی ہے ۔سعودی عرب کی طرف سے ملنے والی منظوری کے بعد سعودی عرب سے کابل کے لئےخصوصی  پروازیں چلائی جائیں گی ۔

سعودی عرب میں افغانستان کے سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا  کہ سعودی ایوی ایشن حکام نے کورونا پابندیوں کی وجہ سے پھنسے افغان شہریوں کی  واپسی کے لئے  ہنگامی پروازیں چلانے کی اجازت دی ہے۔ ان ہنگامی پروازوں کے ذریعے کورونا پابندیوں کی وجہ سے پھنسے ہوئے افغانیوں کو واپس لایا جائے گا ۔

خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے  بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے لیے بین الاقوامی فضائی کمپنیوں سے اپیل کی گئی تھی۔

 افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بین الاقوامی فضائی کمپنیوں سے انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی کی اپیل کرتے ہوئے ائیرلائن کمپنیز کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ کابل ائیرپورٹ پر مسائل حل ہوچکے ہیں ۔