پی سی بی چیئرمین کی فرسٹ بورڈز کے عہدیداران سے ملاقات

پی سی بی چیئرمین کی فرسٹ بورڈز کے عہدیداران سے ملاقات
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ بورڈز کے عہدیداران سے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ملاقات کی جس دوران گراس روٹ لیول پر کرکٹ معاملات کو بہتر کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ 


ذرائع کے مطابق  رمیز راجہ نے شرکاءکو گراس روٹ کرکٹ سے متعلق اپنے نظرئیے سے آگاہ کیا۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کلب کرکٹ کی سرگرمیوں کو جلد ازجلد بحال کرنے اورنوجوانوں کو اس سطح پربہترین سہولیات اور ماحول فراہم کرنے کیلئے انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنا انتہائی ضروری ہے۔ 


رمیز راجہ نے کہا کہ گزشتہ کئی سال سے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو نظرانداز کیا جا رہا ہے تاہم اب اس جانب بھرپور توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو بہتر سہولیات اور مواقع مل سکیں، ان کا کہنا تھا کہ اب کرکٹ کی نرسریوں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ 


چیئرمین پی سی بی نے صوبائی سطح پربہترین کام کرنے پر فرسٹ بورڈز کو سراہا اور کہا کہ وہ ان کیساتھ مل کر پاکستان کرکٹ میں بہتری لانے کیلئے منتظر اور بے تاب ہیں۔