کامیڈین اداکار عمر شریف انتقال کرگئے

 کامیڈین اداکار عمر شریف انتقال کرگئے

برلن  :پاکستان کے معروف کامیڈی اداکار  عمرشریف جرمنی میں انتقال کرگئے  ۔ عمر شریف کی اہلیہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔

 نیو نیوز کے مطابق68 سالہ اداکار عمر شریف عارضہ قلب اور گردوں کے امراض میں مبتلا تھے  اور  علاج کے لئے امریکا جا رہے تھ ۔امریکا لے جانے والی ائیر ایمبولینس کا جرمنی میں سٹاپ اوور تھا۔ عمر شریف کو طبیعت خراب ہونے پر جرمنی کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ عمر شریف کو تھکاوٹ اور کمزوری کی وجہ سے بخار ہوگیا تھا جو بگڑ کر نمونیا کی شکل اختیار کرچکا تھا ۔ ہسپتال میں ان کی اہلیہ ان کے ساتھ مقیم تھیں ۔

اداکار عمرشریف ڈاکٹروں کی ماہر ٹیم کی نگرانی میں تھے دوروز قبل ڈاکٹروں نے ان کی طبعیت بہتر ہونے پر ان کا ڈائیلاسز تجویز کیا تھا ۔

ڈاکٹروں کے مطابق عمر شریف کا ڈائیلاسز کیا جانا تھا اور اس عمل کے دوران ہی ان کی طبعیت بگڑ گئی اور وہ خالق حقیقی سے جاملے۔

اداکار عمر شریف 19 اپریل 1955 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے 15 سال کی عمر سے ہی سٹیج پر اداکاری شروع کردی تھی ۔

 اداکار عمرشریف نے سٹیج پر کامیڈی کا نیا انداز متعارف کرایا ان کے مشہور ڈراموں میں بڈھا گھر پر ہے، بکراقسطوں پر ، مجھے میری بیوی سے بچاؤ، غریبوں کا شہنشاہ ، مغل اعظم ، ہم سب ایک ہیں جیسے کئی  ڈرامے شامل ہیں ۔

اداکا ر عمر شریف نے کئی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ان کی مشہور فلموں میں مسٹر چارلی ،مسٹر چارسوبیس ، مس فتنہ اور کئی دیگر شامل ہیں ۔