بھارا کہو میں کار کھائی میں جا گری، ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق

بھارا کہو میں کار کھائی میں جا گری، ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بھارا کہو میں کار گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک مرد اور 6 خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ 


ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی کار رات کے وقت بارش کے دوران سفر کر رہی تھی اور اس میں ایک ہی خاندان کے افراد سوار تھے جو شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔ 


ریسیکیو ذرائع کے مطابق بدقسمت گاڑی پھسل کر بے قابو ہوئی اور گہری کھائی میں جا گری اور رات بھر گاڑی کھائی میں ہی پڑی رہی تاہم صبح حادثے کا علم ہونے پر پولیس کو اطلاع دی گئی جس کے بعد ریسکیو کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ 


میڈیا رپورٹس کے مطابق صبح تک گاڑی میں سوار 6 خواتین اور ایک مرد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکے تھے جن کی لاشوں کو پولی کلینک منتقل کیا گیا جبکہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔