آڈیو لیکس، وفاقی کابینہ نے عمران خان کیخلاف قانونی کارروائی کی منظور ی دیدی

آڈیو لیکس، وفاقی کابینہ نے عمران خان کیخلاف قانونی کارروائی کی منظور ی دیدی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے آڈیو لیکس سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری دیدی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے سابق وزراءاور سابق سیکرٹری اعظم خان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری دی ہے جس کے تحت سائفر سے متعلق تحقیقات اور قانونی کارروائی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے کرائی جائے گی۔
وفاقی کابینہ نے 30 ستمبر کو عمران خان کی سائفر سے متعلق آڈیو لیک پر کابینہ کمیٹی بنائی تھی جس نے یکم اکتوبر کے اجلاس میں قانونی کارروائی کی سفارش کی تھی۔ کابینہ کمیٹی کی سفارشات کو سمری کی شکل میں کابینہ کی منظوری کیلئے پیش کیا گیا اور وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی۔
کابینہ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے جس کے قومی مفادات پر سنگین مضر اثرات ہیں، قانونی کارروائی لازم ہے، اس کیلئے ایف آئی اے سینئر حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے۔
سفارشات میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے انٹیلی جنس اداروں سے بھی افسران اور اہلکاروں کو ٹیم میں شامل کر سکتی ہے، ایف آئی اے کی ٹیم جرم کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے۔
واضح رہے کہ ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق عمران خان کی پہلی آڈیو 28 ستمبر اور دوسری آڈیو 30 ستمبر کو منظر عام پر آئی تھی جس میں عمران خان، اعظم خان، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سائفر کے بارے میں مشورہ کر رہے ہیں۔

مصنف کے بارے میں