کینسر کے خاتمے کیلئے ایک انقلابی طریقہ متعارف

کینسر کے خاتمے کیلئے ایک انقلابی طریقہ متعارف

واشنگٹن :امریکی ادارے ’فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی‘ (ایف ڈی اے) نے کینسر کے خاتمے کیلئے ایک انقلابی طریقہ علاج کی منظوری دیدی ہے۔اس طریقے کو’زندہ دوا‘ بھی کہا جا سکتا ہے۔
اس نئے ایجاد شدہ طریقے کو کینسر کے علاج کی دنیا میںایک نیا باب قرار دیا ہے تاہم اس کی قیمت بہت زیادہ ہے جو 475,000 ڈالر یعنی قریباً 5 کروڑ روپے پاکستانی ہے۔
اس طریقہ علاج میں مریض کے جسم کے اپنے ہی جسمانی دفاعی (امنیاتی) نظام کو استعمال کیا جاتا ہے اور یہ 83 فیصد کامیابی سے مریض کو بلڈ کینسر سے نجات فراہم کر سکتا ہے۔ مریض کا امنیاتی نظام ہی کینسر کے خلیات کو تباہ کرتا ہے۔اس عمل میں ہر مریض کے خون کے سفید خلیات کو نکال کر جینیاتی طور پر تبدیل کر کے انہیں کینسر کے خاتمے کے لیے استعمال کیا جائےگا۔
ماہرین کے مطابق یہ جین تھراپی کا ایک شاہکار ہے جس سے ہر مریض کے لیے اس کی بیماری اور کیفیت کے لحاظ سے خود اس کے جسم سے دوا بنائی جاتی ہے۔ فی الحال اسے بلڈ کینسر کی ایک قسم لمفوبلاسٹک لیوکیمیا کے علاج میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ دوا کو کائمریا کا نام دیا گیا ہے جو جلد ہی دستیاب ہو گی۔