امریکہ نے پاکستان کی 30 کروڑ ڈالر امداد منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا

امریکہ نے پاکستان کی 30 کروڑ ڈالر امداد منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا
کیپشن: Image by navodayatimes.in

واشنگٹن: امریکہ نے پاکستان کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے سب سے بڑا قدم اٹھالیا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس کارروائی نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے 30 کروڑ ڈالر کی امداد منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان پینٹاگون کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے میں ناکام رہا جس کے پیش نظر 30 کروڑ ڈالر کی امداد منسوخ کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

امداد کی منسوخی کا فیصلہ امریکی وزیر دفاع جنرل جیمز میٹس نے کیا جب کہ پاکستان کی 2 کمپنیوں پر بھی پابندیاں لگا دی گئی ہیں۔ترجمان پینٹاگون نے مزید کہا کہ تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے لیے اسلام آباد پر دباؤ ڈالتے رہیں گے۔

پاکستان کی امداد کی منسوخی کا نوٹی فکیشن ستمبر کے آخر تک جاری کیے جانے کا امکان ہے۔خیال رہے کہ رواں سال کے شروع میں بھی کانگریس نے پاکستان کی 50 کروڑ ڈالر کی امداد روک لی تھی اور تازہ امریکی فیصلے کے بعد پاکستان کی روکی گئی امداد کی مجموعی مالیت 80 کروڑ ڈالر ہوگئی۔