کرپشن میں 59 درجے کمی، پاکستان 175 سے 116 نمبر پر آ گیا

کرپشن میں 59 درجے کمی، پاکستان 175 سے 116 نمبر پر آ گیا
کیپشن: سارک اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین منتخب ہونا بڑی کامیابی ہے، نیب۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے پاکستان سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ تمام سارک ممالک میں نیب ایک رول ماڈل ادارہ ہے اور نیب کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان بدعنوانی کے تاثر کے حوالے سے اعشاریے سی پی آئی میں 175 سے 116 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

پاکستان واحد ملک ہے جس کا سی پی آئی نیچے آنے کا رجحان ہے۔ نیب کی کارکردگی کو بھارت سمیت سارک ممالک کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ نیب کی کاوشوں کی وجہ سے سارک اینٹی کرپشن فورم کا نیب متفقہ طور پر چیئرمین منتخب ہوا ہے جو کہ پاکستان کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے۔ نیب نے بدعنوانی خاتمے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ۔ سارک اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین منتخب ہونا بڑی کامیابی ہے۔

نیب کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق نیب شفافیت، پیشہ واریت پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو 100 فیصد کرپشن فری بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ نیب کی کوششوں سے پاکستان کے بارے میں کرپشن کے حوالے سے تاثر میں بہتری آئی ہے اور اس حوالے سے درجہ بندی میں پاکستان 175 ممالک میں سے 116 ویں نمبر پر ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب نے نوجوانوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے ملک بھر میں کردار سازی کی 55 ہزار سے زائد انجمنیں قائم کی ہیں۔ نیب کی کارکردگی ملک کے کسی بھی انسداد بدعنوانی کے ادارے کے مقابلے میں شاندار ہے۔ نیب کی 2018ء سے 2019ء کے اس عرصہ کے مقابلہ میں شکایات انکوائریوں اور انوسٹی گیشن کی تعداد دوگنا ہے جو کہ نیب کی احتساب سب کیلئے بلاامتیاز پالیسی پر اعتماد کا اظہار ہے۔