خوفناک طوفان "ڈوریئن" بہاماس سے ٹکرا گیا

خوفناک طوفان
کیپشن: image by facebook

نیویارک : ڈورین کو پانچویں درجے کا خطرناک سمندری طوفان قرار دیا گیا ہے جوکہ 285 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز ترین ہوائوں کیساتھ بہاماس سے جا ٹکرایا ہے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ ڈورین طوفان کی موجیں 23 فٹ اونچی اور جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں ، تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش نے بہاماس جزیرے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

اتوار کے روز دوپہر کے وقت (16:00 GMT) طوفان ٹکرانے کے بعد بہاماس کے جزیروں میں کئی علاقوں کے پانی میں ڈوبنے کی اطلاعات ہیں۔مقامی رہائشیوں نے سیلاب کے پانی کو گھروں کا گھیراؤ کرتے اور ان کی چھتیں اڑنے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں ، ڈورین آہستہ آہستہ مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے اور مشرقی امریکی سمندری حدود والے علاقے اس کی زد میں آ سکتے ہیں۔

امریکی ریاستوں فلوریڈا، جارجیا، جنوبی کیرولائنا اور شمالی کیرولائنا میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے اور ان ریاستوں کے رہائشی علاقوں کو خالی کر رہے ہیں۔

 
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ سمندی طوفان ڈوریئن کا معائنہ کر رہے ہیں۔ امریکی صدر نے اس طوفان کے پیش نظر اپنا دورہ پولینڈ بھی منسوخ کر دیا ہے۔اپنی ٹویٹ میں انھوں نے اس طوفان کے راستے میں آنے والے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی ہے۔امریکہ کے قومی طوفان مرکز(این ایچ سی) کا کہنا ہے کہ جدید ریکارڈ کے مطابق یہ انتہائی خطرناک‘ طوفان اس علاقے میں آنے والا سب سے طاقتور طوفان ہے۔

مقامی وقت کے مطابق پیر کے روز یا منگل کی رات سمندری طوفان ڈوریئن امریکی ریاست فلوریڈا کے مشرقی ساحل کے قریب تر پہنچ جائے گا اورلینڈو میں ڈزنی ورلڈ سمیت مشہور مقامات کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ طوفان کی ’قریب سے نگرانی کر رہے ہیں۔ ساحلی شہر میامی میں بھی حکام نے بجلی سے چلنے والے کرایے کے سکوٹروں کو سڑکوں سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔