یورپی یونین نے مسئلہ کشمیر کو اپنے ایجنڈے کا حصہ بنا لیا

یورپی یونین نے مسئلہ کشمیر کو اپنے ایجنڈے کا حصہ بنا لیا
کیپشن: image by facebook

ملتان: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے یورپی یونین کے ایجنڈے میں مسئلہ کشمیر کو شامل نہ کر نے کی بھارتی کوششیں ناکام ہو گئی ںہیں اور پاکستان کی کوششوں سے یورپی یونین نے اس مسئلے کو اپنے ایجنڈے میں شامل کر لیا ہے ، سلامتی کونسل کے بعد یہ دوسرا اہم فورم ہے جہاں یہ اہم مسئلہ زیر بحث آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ملتان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ، انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہم آواز ہے، ہماری کوشش ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے جلد ازجلد کرفیو ختم کر ایا جائے ، انہوں نے کہا کہ اسلامی کانفرنس تنظیم او آئی سی میں بھی کشمیر سے کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ میں 9ستمبر کو جینوا جا رہا ہوں وہاں بھی دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر اجاگر کروں گا اور مجھے امید ہے کہ یورپی پارلیمنٹ اس مسئلے کے حل کے لئے اپنا کردارادا کر ے گی ۔انہوں نے کہا کہ 27ستمبر کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں بھی یہ مسئلہ ساری دنیاکے سامنے اٹھا یا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود نے کہاکہ پاکستان کلبھوشن یادیو کو قانونی طور پر قونصل رسائی دینے کا پابند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم بند ہونے کے بعد ہی  بھارت  سے مذاکرات  ہو سکتے ہیں، عالمی دنیا ہمارے موقف پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک کے ہر شہر اورقصبے میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا جس سے ثابت ہوگیا کہ پوری قوم اس مسئلے پر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اس معاملے پر ہمارا موقف سن رہی ہے اور ہماراساتھ بھی دے رہی ہے ، اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ اس قومی مسئلے پر اپناحصہ ضرور ڈالے اور یکجہتی کشمیرکے حوالے سے تقریبات میں بھرپور شرکت کرے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت آپ کی صنعت دبائو میں ہے جب تک اس ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو گی ، ملک ترقی نہیں کرے گا ۔ قبل ازیں شاہ محمود قریشی نے یونین کونسل نمبر 45،46اور 56میں سیوریج کے 7کروڑ روپے کے منصوبے کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے اس علاقے میں سیوریج کے مسائل حل ہو جائیں گے ۔