بھارت میں معاشی ترقی کی شرح گزشتہ چھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی

بھارت میں معاشی ترقی کی شرح گزشتہ چھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

نیو دہلی: بھارت میں معاشی ترقی کی شرح گزشتہ چھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔ 2014ء میں مودی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد جی ڈی پی کم ہو کر پانچ فیصد رہ گیا۔ گزشتہ مالی سال جون میں بھارت کا جی ڈی پی آٹھ فیصد تھا، جو اب صرف پانچ فیصد رہ گیا ہے۔

بھارتی حکومت کے اعدادو شمار کے مطابق پرائیویٹ سیکٹر اور پیداواری شعبے میں جمود، معاشی ترقی میں کمی کی وجوہات میں سب سے نمایاں ہیں۔ زرعی شعبے میں ترقی کی شرح گزشتہ سال کے مقابلے میں آدھی رہ گئی ہے۔ تعمیراتی شعبے اور کنزیومر فنانسنگ میں کمی سے بھی معیشت کو دھچکہ لگا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق زراعت، تعمیراتی اور کنزیومر فنانسنگ جیسے شعبے جمود کا شکار ہیں۔ جس سے ہزاروں ملازمین بیروزگار ہوچکے ہیں۔

آکسفورڈ اکنامکس کی ہیڈآف انڈیا، پریانکا کشور کے مطابق معیشت کے مختلف نجی شعبوں سے ہزاروں ملازمین کو نکالا جا چکا ہے۔ کئی کمپنیوں نے طلب میں کمی پر اشیاء کی قیمتیں بھی کم کی ہیں۔

دوبارہ وزیراعظم بننے کے بعد نریندر مودی نے ٹیکس کی چھوٹ اور مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر سات سو ارب روپے کے ریلیف کا اعلان کیا۔ دس بڑے سرکاری بینکوں کو چار بینکوں میں ضم کیا گیا ہے، پریانکا کشور نے ان اقدامات کو فوری معاشی بحالی کیلئے اقدامات کو ناکافی کہا ہے۔