ظلم کے خلاف کشمیری عوام کی مزاحمت کو سلام پیش کرتی ہوں، مہوش حیات

ظلم کے خلاف کشمیری عوام کی مزاحمت کو سلام پیش کرتی ہوں، مہوش حیات

کراچی: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے یوم عاشور پر پیلیٹ گن کے بے دریغ استعمال پر مہوش حیات بھی چپ نہ رہیں اور اسے بڑا ظلم قرار دیا۔

اداکارہ مہوش حیات نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں یوم عاشورہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں نکالے جانے والے جلوس پر بھارتی فوج کی جانب سے پیلیٹ گن کا استعمال کیا گیا نتیجے میں ایک نوجوان سر پر چھرہ لگنے کی وجہ سے زخمی ہو گیا۔مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی نوجوان کے سر سے چھرہ نکالنے کی کوشش کی۔

زخمی نوجوان کی یہ ویڈیو سامنے آنے پر لوگوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا اور معصوم کشمیریوں پر پیلیٹ گن کے استعمال کو بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔

مہوش حیات نے زخمی ہونے والے نوجوان کی ویڈیو پر ردعمل میں کہا کہ میں ظلم کے خلاف کشمیری عوام کی مزاحمت کو سلام پیش کرتی ہوں، اگر بین الاقوامی برادری انہیں فراموش کردے تب بھی ان کشمیریوں کی صدا ہمیشہ ان پر مسلط کردہ جنگی جرائم سے بلند ہی رہے گی۔