شہباز شریف کی آصف زرداری سے ملاقات، اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال

شہباز شریف کی آصف زرداری سے ملاقات، اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال
کیپشن: ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

شہباز شریف کی بلاول ہاؤس آمد پر آصف علی زرداری نے خود ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فرحت اللہ بابر، نوید قمر جب کہ ن لیگ کی جانب سے احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور محمد زبیر و دیگر رہنما موجود تھے۔

بعد ازاں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی گئی۔ نوید قمر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف مرہم رکھنے کراچی آئے، بارشوں کے بعد صورتحال مشکل ہے، اس وقت میں ساتھ دینے پر ان کے شکر گزار ہیں۔ یہ وقت ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا نہیں ہے۔ سب کو اکھٹے بٹھانے کا قدم وزیراعظم کو خود اٹھانا چاہیے تھا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ کے مشکور ہیں۔ ہم اظہار یکجہتی کیلئے کراچی آئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بارشوں کے بعد صورتحال خراب ہے۔ وفاق، صوبائی حکومت کیساتھ مل کر خطیر امدادی پیکج کا اعلان کرے۔

ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت عوام کیلئے عذاب بن چکی ہے۔ ملک میں انتشار کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے تمام آپشنز زیر غور لائیں گے۔