وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ، کھاریاں موٹروے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ، کھاریاں موٹروے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

سیالکوٹ: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ، کھاریاں موٹروے منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے جس کا سنگ بنیاد پبلک پارٹنرشپ کے تحت رکھا گیا ہے۔ ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے اور مستقبل میں مزید ایسے منصوبے بھی لگائے جائیں گے۔ 
وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ، کھاریاں، موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ ملکی ترقیاتی فنڈز بچتے ہیں جو کہیں اور استعمال کئے جا سکتے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ، کھاریاں موٹروے منصوبہ بہت اہم ہے اور جہاں ٹریفک زیادہ ہو وہاں نجی سرمایہ کاری آتی ہے، ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے اور مستقبل میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مزید منصوبہ بھی لگائے جائیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا سارا زور کاروبار بڑھانے پر ہے اور زیادہ آبادی کی وجہ سے اس علاقے کی اہمیت زیادہ ہے کیونکہ اس علاقے میں ہم بڑے پیمانے پر صنعتیں لگا سکتے ہیں جبکہ صنعتوں کو سہولتیں دئیے بغیر ملکی دولت میں اضافہ نہیں ہو سکتا اور جب تک آمدن میں اضافہ نہیں ہو گا، ہم قرضہ نہیں اتار سکتے، تجارت میں گوجرانوالہ، وزیر آباد، گجرات، سیالکوٹ بڑے اہم ہیں، چھوٹے کاروبار معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں جن کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے۔ 
وزیراعظم نے کہا کہ پہلے ادوار میں بنائی گئی موٹرویز سے ملک کو زیادہ فائدہ نہیں ہوا اور ہم نے ماضی کی حکومت سے تین گنا زیادہ سڑکیں بنائیں جبکہ ہمارا سب سے کامیاب پراجیکٹ سوات موٹروے ہے جس نے سوات کو پورے پاکستان کیلئے کھول دیا ہے اور صرف عید کی چھٹیوں میں اس موٹروے پر 27 لاکھ گاڑیوں نے سفر کیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ذرا سوچیں کہ 27 لاکھ گاڑیوں کے سوات موٹروے پر سفر کرنے کے باعث معیشت میں کتنا پیسہ آیا ہو گا، اور اسی طرح کے پراجیکٹس کے ذریعے ہم اپنی 22 کروڑ عوام کو فائدے میں تبدیل کر سکتے ہیں، اس آبادی کو بوجھ نہیں بننا چاہئے، ماضی میں پاکستان میں سیاحت کو فروغ نہیں دیا گیا حالانکہ پاکستان میں سیاحت بہت بڑا شعبہ ہے، ابھی تک تو صرف مقامی سیاحت نظر آ رہی ہے مگر سوات موٹروے جیسے مزید منصوبے لگانے سے باہر سے بھی سیاح آئیں گے۔