فیول ایڈجسٹمنٹ پرائس کے خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا، صارفین پریشان

فیول ایڈجسٹمنٹ پرائس کے خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا، صارفین پریشان

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ختم کرنے کے معاملے پر وزارت توانائی نے تاحال نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف اے پی) ختم کرنے کا اعلان کیا جس کے باعث لاکھوں صارفین کشمکش کا شکار ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اعلان کے باوجود وزارت توانائی کی جانب سے اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا جبکہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو وزارت توانائی کی طرف سے کسی طرح کے زبانی یا تحریری احکامات نہیں ملے۔
صارفین کی جانب سے وزیراعظم کے اعلان کے بعد بل میں درستی کیلئے ڈسکوز دفاتر سے رابطے کئے جا رہے ہیں تاہم سرکاری سطح پر کسی قسم کے احکامات نہ آنے کی وجہ سے صورت حال واضح نہیں ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث لاکھوں صارفین بھاری بل ادائیگی کے سلسلے میں ذہنی اذیت کا شکار ہیں تاہم بتایا جا رہا ہے کہ وزیر توانائی آج پریس کانفرنس میں ایف پی اے ریلیف سے متعلق تفصیلات بتائیں گے۔

مصنف کے بارے میں