انگلینڈ کا دورہ پاکستان اور ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے سکواڈ کا اعلان 

انگلینڈ کا دورہ پاکستان اور ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے سکواڈ کا اعلان 

لندن: انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے دورہ پاکستان کیلئے 19 رکنی انگلش سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت جوز بٹلر کریں گے جبکہ معین علی نائب کپتان ہوں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں ہیری بروک، جورڈن کوکس، سیم کیورن، لائم ڈاؤسن، بین ڈکٹ، رچرڈ گلیسن، ٹام ہیلم، ویل جیکس، ڈیوڈ ملان، عادل راشد، فل سالٹ، اولی سٹون، ریس ٹاپلی، ڈیوڈ ویلی، کرس ووکس، لیوک ووڈ اور مارک ووڈ شامل ہیں۔ 
ای سی بی نے دورہ پاکستان کیلئے سکواڈ کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی رواں سال اکتوبر میں آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے بھی اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں بین سٹوکس اور جونی بیرسٹو بھی شامل ہیں جبکہ عالمی ایونٹ میں بھی انگلینڈ کی قیادت جوز بٹلر ہی کریں گے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے چار ٹی 20 میچز 20 سے 25 ستمبر تک کراچی میں ہوں گے جبکہ تین ٹی 20 میچز لاہور میں 28 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کھیلے جائیں گے۔ 
پی سی بی کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول میچز کی  ٹکٹوں کی قیمتیں 250 روپے سے 1500 روپے تک ہیں جبکہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں شیڈول میچز کے ٹکٹ 250 روپے سے 3 ہزار روپے تک میں دستیاب ہوں گے۔ 

مصنف کے بارے میں