چیف جسٹس کا جڑانوالا میں بچی سے زیادتی، قتل کا نوٹس، رپورٹ طلب کرلی

چیف جسٹس کا جڑانوالا میں بچی سے زیادتی، قتل کا نوٹس، رپورٹ طلب کرلی

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جڑانوالا میں 6 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل جڑانوالہ میں اس واقعے کے بعد سے احتجاج جاری ہے اور دوسرے روز بھی ہڑتال کے باعث کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے۔ واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین نے مختلف مقامات پر ٹائر جلا کر سڑکوں کو بلاک کیا اور ملزمان کو گرفتار کرکے سرعام سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز جڑانوالہ میں تھانہ سٹی کی حدود میں کھیتوں سے کمسن بچی کی لاش ملی تھی اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اسے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا۔ بچی سے زیادتی اور قتل کا مقدمہ تھانہ سٹی جڑانوالہ میں بچی کے والد کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ یکم اپریل کو جڑانوالہ کے علاقے گلشن عزیز کی 6 سالہ بچی دوپہر کو اچانک لاپتہ ہوگئی تھی جس کے بعد اہلِ خانہ نے اس کی تلاش کا عمل شروع کیا، لیکن انہیں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی، تاہم رات گئے بچی کی لاش اس کے گھر کے قریب کھیتوں سے ملی۔