ملک بھر میں 2450 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

ملک بھر میں 2450 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق
کیپشن: کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 11 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 2450 ہو گئی جبکہ مزید 4 ہلاکتوں کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 35 ہو گئی۔

سندھ میں 783، پنجاب میں 920، خیبرپختونخوا میں 311، گلگت بلتستان میں 190، بلوچستان میں 169، اسلام آباد میں 68، آزاد کشمیر میں 9 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ ملک بھر میں 126 افراد صحتیاب ہو گئے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 11 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ سندھ میں 11، خیبرپختونخوا 9، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک شخص جاں بحق ہو چکا ہے۔ پنجاب کے ضلع لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک، ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ سندھ میں تمام ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔

سندھ میں آج نماز جمعہ کے حوالے سے احکامات جاری کئے گئے ہیں، صرف تین سے پانچ افراد کواجازت ہوگی، کراچی سمیت سندھ دوپہر 12 سے 3 بجے تک مکمل بند رہے گا۔

محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر میں مساجد میں پیش امام، موذن اور انتظامیہ سمیت 5 افراد نماز جماعت کے ساتھ ادا کرسکیں گے، دوپہر 12 سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا، عوام کی نقل و حرکت پر بھی پابندی ہوگی۔