اگر ہم پر ’’باپ ‘‘کے باپ کا ہاتھ ہوتا تو زرداری کیخلاف کیس نہ کھلتے: شازیہ مری

اگر ہم پر ’’باپ ‘‘کے باپ کا ہاتھ ہوتا تو زرداری کیخلاف کیس نہ کھلتے: شازیہ مری
کیپشن: اگر ہم پر باپ کے باپ کا ہاتھ ہوتا تو زرداری کیخلاف کیس نہ کھلتے: شازیہ مری
سورس: file

کراچی:پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری  کا کہنا ہے کہ آزاد سینیٹرز کو باپ کا ثابت کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگانا ن لیگ کا بچکانہ رویہ ہے ۔یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے والے تمام سینیٹرز آزاد حیثیت میں منتخب ہوئے۔

کراچی سے جاری بیان میں شازیہ مری کا کہنا تھا کہ  اگر باپ کے باپ کا ہم پر ہاتھ ہوتا تو صدر آصف زرداری کے خلاف کیسز کھولنے کی باتیں نہ کی جارہی ہوتیں۔ ایک طرف پی پی کے بغیر اپوزیشن اتحاد چلانے کی باتیں کی جارہی ہیں اور دوسری جانب پی پی کے بغیر ن لیگ استعفے دینے کو تیار نہیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ  اگر استعفے اتنے ضروری تھے تو نون لیگ ابھی تک اسمبلیوں میں بیٹھی کیوں ہے؟ پی پی سوال کرے گی کہ کس کی ایماء پر پی ٹی آئی حکومت بچانے کے لئے استعفوں پر اچانک زور دے کر لانگ مارچ کے خلاف سازش کی گئی؟ ہم پی ڈی ایم سربراہ سے سوال کریں گے کہ اپوزیشن کا اتحاد اپوزیشن پارٹیوں کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کیوں ہورہی ہے؟ 

انہوں نے کہا کہ  پی ڈی ایم حکومت کے خلاف اتحاد کا نام ہے، اسے اپوزیشن پارٹیوں کے خلاف استعمال کرنے کی ن لیگ کو وضاحت دینا ہوگی۔پی پی اور اے این پی پی ڈی ایم اجلاس میں سوال کریں گے کہ اپوزیشن اتحاد کی مخصوص جماعتوں کا خفیہ اجلاس کیوں بلایا گیا؟ مسلم لیگ ن اگر پی پی پی کے خلاف چارج شیٹ لائے گی تو ہمارے پاس بھی ن لیگ کے لئے ایک چارج شیٹ ہے۔