بھارت مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ بات کرنے سے نہ کترائے، سابق سربراہ ‘را’

بھارت مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ بات کرنے سے نہ کترائے، سابق سربراہ ‘را’
سورس: فائل فوٹو

نئی دہلی: بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے سابق سربراہ اے ایس دولت نے کہا ہے کہ بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت مسئلہ کشمیر پر پاکستان سے بات چیت کرے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ اے ایس دولت نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ بات کرنے سے نہ کترائے۔ مودی عمران خان کو 23 مارچ کی مبارکباد دے سکتا ہے تو کشمیر پر بات کی پیشکش بھی کرسکتا ہے کیونکہ پاکستان کی جانب سے کشمیر کو بنیادی مسئلہ قرار دینے سے بھارت کو مسئلہ نہیں ہوناچاہئے۔

اے ایس دولت کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب دونوں ممالک میں تعلقات کی بحالی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ تعلقات میں بحالی کے لیے 25 فروری 2021ء کو دونوں ممالک کی طرف سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی پر سختی سے عمل کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔

خیال رہے کہ 30 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو یوم پاکستان کی مبارکباد دینے پر شکریے کا جوابی خط لکھا ہے۔

وزیراعظم نے یوم پاکستان کی مبارک باد دینے پر مودی کا شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن، تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔

خط میں کہا گیا تھا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن واستحکام کیلئے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا حل ہونا ضروری ہے،جبکہ تعمیری اور نتیجہ خیزمذاکرات کیلئے سازگارماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف بھارت کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل یوم پاکستان پر مودی نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد کا خط لکھا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہيں۔