عمران خان وزیراعظم رہیں گے یا نہیں؟ فیصلہ آج ہو گا

عمران خان وزیراعظم رہیں گے یا نہیں؟ فیصلہ آج ہو گا

اسلام آباد: قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہو رہا ہے جس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی جائے گی اور اس میں شرکت کیلئے ارکان اسمبلی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے ریڈ زون کو حساس ترین ایریا قرار دیدیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 11 بجے سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہو گا جس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی جائے گی۔ اجلاس کے 6 نکاتی ایجنڈا میں تلاوت اور نعت کے بعد وقفہ سوالات ہو گا جبکہ ایجنڈے میں تیسرے نمبر پر توجہ دلاؤ نوٹس ہے اور چوتھے نمبر پر تحریک عدم اعتماد ہے۔ 
اپوزیشن رہنماءآصف علی زرداری، شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری پارلیمینٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں جبکہ بقیہ اراکین بھی قومی اسمبلی پہنچ رہے ہیں۔ ان کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف اراکین کی قومی اسمبلی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ 
تحریک عدم اعتماد کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور خصوصا ریڈ زون میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ شہر اقتدار میں دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے، علاوہ ازیں میٹرو بس سروس کو بھی غیرمعینہ مدت کیلئے بند کردیا گیا ہے اور پارلیمینٹ جانے والے تمام راستے سیل کر دئیے گئے ہیں۔ کسی بھی سیاسی جماعت کے کارکن کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ 

مصنف کے بارے میں