عمران خان مزید 15 روز تک وزیراعظم پاکستان رہیں گے: شیخ رشید

عمران خان مزید 15 روز تک وزیراعظم پاکستان رہیں گے: شیخ رشید

 اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان مزید 15 روز تک وزیراعظم پاکستان رہیں گے، الیکٹڈ اور سلیکٹڈ کا طعنہ دینے والے اب آئیں عوام میں جائیں اور مقابلہ کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دو تین روز سے یہ باتیں چل رہی تھیں کہ انتخابات واحد حل ہیں لیکن یہ لوگ الیکٹڈ اور سیلیکٹد کا طعنہ دیتے تھے، اب یہ آئیں عوام میں جائیں اور مقابلہ کریں، نئے انتخابات کیلئے سلیکٹڈ کا طعنہ دینے والے خاموش ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ بھی جلد آ جائے گا اور آئندہ انتخابات بھی صاف اور شفاف مگر مشینوں کے بغیر ہوں گے، ہمارے شہر میں تو گزشتہ 4 روز سے الیکشن مہم جاری ہے، اوورسیز پاکستانی عمران خان کو دو تہائی اکثریت دینے کیلئے تیار ہو جائیں۔ 
شیخ رشید نے اپوزیشن پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ ان کی اچکنیں نیکروں میں بدل گئی ہیں، یہ جس بھی کورٹ میں جائیں سپریم کورٹ سپیکر کے خلاف نہیں جائے گی، عمران خان مزید 15 روز وزیراعظم رہیں گے، ساری اپوزیشن جماعتوں سمیت سب اکٹھے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم چار دن سے نئے انتخابات کیلئے لگے ہوئے تھے اور صرف آصف علی زرداری اس میں رکاوٹ تھے مگر مولانا فضل الرحمن اور شہباز شریف اس کیلئے تیار بھی تھے لیکن وہ بھی وقت زیادہ مانگ رہے تھے، اور ایسا ممکن نہیں تھا کیونکہ ملک میں خانہ جنگی کے حالات تھے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن سپریم کورٹ جانے کا شوق بھی پورا کر لے، تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ سپریم کورٹ نے سپیکر کے خلاف کوئی فیصلہ دیا ہو، ابھی عمران خان سے مل کر باہر آیا ہوں، وہ 15 روز تک وزیراعظم رہیں گے اور کچھ کام بھی کریں گے، قوم انتخابات کی تیاری کرے، نگران حکومت بنانے کلئے اپوزیشن کو مشاورت کیلئے بٹھانے والے بٹھا لیں گے۔ 

مصنف کے بارے میں